حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء اور ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سیکرٹری نے سپاہ قدس کے شہید سربراہ جنرل قاسم سلیمانی و سربراہ حشدالشعبی شہید ابو مہدی المہندس کی پہلی برسی کی مناسبت سے کراچی میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) کے روحانی فرزند جنرل قاسم سلیمانی مسلمانوں کیلئے ایک سہارا بن کر ابھرے۔
انہوں نے کہا کہ حاج قاسم ایران میں پیدا ہوئے لیکن ان کے کارناموں نے ساری دنیا پر اپنا اثر چھوڑا، انہوں نے فلسطین کی حمایت میں چلنے والی مزاحمتی تحریکوں کو مضبوط کیا، انہوں نے ایران کو دنیائے کفر کے حملوں سے بچایا۔
مزید کہا کہ داعش کا قیام عالم اسلام کے خلاف ایک بڑی سازش کے تحت تھا، سینکڑوں مسلمانوں کو اللہ اکبر کی صداؤں میں نام نہاد مسلمان قتل کر رہے تھے، یہ تاریخ کا بدترین المیہ تھا، جنرل قاسم سلیمانی نے اپنی شجاعت، بہادری اور حکمت سے داعش کے وجود کا خاتمہ کرکے عالم اسلام کےخلاف ہونیوالی سازش کو ناکام بنایا۔
آخر میں کہا کہ جنرل سلیمانی کو اس لئے شہید کیا کیونکہ وہ عالم سامراج کے اہداف کو ناکام بنا رہے تھے۔